مناسخہ دو بطن
سوال
میرے والد شیخ محی الدین کا انتقال 2012میں ہوا، وارثین میں بیوی (چھوٹی جان ) تین لڑکے (امیرجان ،اکبرعلی ،اسلم پاشا ) اور تین لڑکیاں (نورجان، فاطمہ بی ،نسیمہ بی ) ہیں ،پھرمیری والدہ چھوٹی جان 2020 م میں فوت ہوئیں،مرحومہ کے وارثین میں مذکور تین لڑکے اور تین لڑکیاں ہی ہیں ، پھرامیرجان 2021 میں گذرگئے ،وارثین میں بیوی (نورجان) دولڑکے(کلیم پاشا،صدام حسین)اور دولڑکیاں (سلمہ تاج ،اسماء تاج ) ہیں ۔مذکورہ صورت میں مرحوم شیخ محی الدین کے ترکے میں پیالیس گٹہلی میں ایک گھراور ٹمکور میں تین گھر اور ایک لاکھ بیس ہزار روپے ہیں ،مرحوم کے ذمے میں کوئی قرض نہیں اور ان کی کوئی وصیت نہیں ۔فقط والسلام اکبر علی ۔ آر ٹی نگر، بنگلور
جواب
صورتِ مسئولہ میں مرحوم شیخ محی الدین کے کل ترکے (جس میں مذکورگھر اور نقد رقم شامل ہے ) کو دو سو سولہ حصوں میں تقسیم کرکے موجود دو لڑکوں (اکبر علی ، اسلم پاشا) میں سے ہر ایک کو اڑتالیس حصے ، تین لڑکیوں (نور جان، فاطمہ بی ، نسیمہ بی) میں سے ہر ایک کو چوبیس حصے ، مرحوم لڑکے امیر جان کی بیوی (نور جان) کو چھ حصے ، دو لڑکوں (کلیم پاشا، صدام حسین ) میںسے ہر ایک کو چودہ حصے اور اور دو لڑکیوں (سلمہ تاج ، اسماء تاج) میں سے ہر ایک کو سات حصے دیے جائیں۔
واللہ اعلم
العبد صغیر احمد
۲۶ صفر ۱۴۴۴ھ
