ہبہ صحیح ہونے کے لئے قبضہ ضروری ، صرف نام پر رجسٹر کرنا کافی نہیں
سوال
بخدمت حضرت مفتی صاحب قبلہ
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
میرے شوہر جناب قادر سیٹھ صاحب کا انتقال 2021میں ہوا۔ وہ لا ولد تھے ، وارثین میں بیوی یعنی میں (عذرا بانو ) ، ایک بھائی (عارف سیٹھ ) اور ایک بہن (صابرہ ) تھیں، پھر عارف سیٹھ بھی 2022 میں گذر گئے ۔ مرحوم عارف سیٹھ کے وارثین میں چار لڑکے اور ایک لڑکی ہے ۔ میرے شوہر نے اپنا گھر اپنے بڑے بھائی امین کے نام پرہبہ کرکے رجسٹرڈ کیا تھامگر مکان پر قبضہ نہیں دیا تھا بلکہ امین صاحب کو صاف کہہ دیا تھا کہ میں اپنی زندگی میں تم کو مکان پر قبضہ نہیں دوں گا،گھر کے تمام سرکاری دستاویزات بھی میرے شوہر نے اپنے قبضہ ہی میں رکھے تھے، امین صاحب کو نہیں دیے تھے۔ بعد ازاں کچھ نااتفاقی ہوگئی اور میرے شوہر نے ہبہ سے رجوع کرلیا تھا ،پھر امین صاحب فوت ہوگئے ، ان کے بعد میرے شوہر بھی گذر گئے ہیں ۔ اب امین صاحب کے بچے اس مکان پر اپنا حق جتا رہے ہیں ۔ ہمیں مسئلہ یہ معلوم کرنا ہے کہ یہ گھر میرے شوہر کا ترکہ شمار ہوکر میرے شوہر کے شرعی وارثین میں تقسیم ہوگا یا ہبہ شمار ہوکر امین صاحب کی اولاد کا حق سمجھا جائے گا۔ اگر ترکہ ہے تو اس کی تقسیم کیسے کی جائے ؟میرے شوہر کے ذمہ کوئی قرض نہیں ، ان کی کوئی وصیت نہیں ۔ فقط عذرا بانو
پتہ : 13، جمال ہاوز۔لازر روڈ، پلیکیشی نگر، پولیس اسٹیشن ، پولیس کوارٹرس ، بنگلور
جواب
ہبہ صحیح ہونے کے لئے موہوب لہ کا ہبہ کی گئی چیز پر قبضہ ضروری ہے ، صرف نام پر ہبہ کرنے سے ہبہ ثابت نہیں ہوتا ، صورتِ مسئولہ میں مرحوم قادر سیٹھ نے مذکور گھر اپنے بھائی کے نام پر صرف رجسٹر کیا لیکن گھر بھائی کے قبضے میں نہیں دیا بلکہ اس گھر کے دستاویزات بھی خود کے پاس رکھے ، اس لئے یہ ہبہ صحیح نہیں ہوا اور وہ گھر اب مرحوم قادر سیٹھ کا ترکہ شمار ہوگا جسے اٹھائیس حصوں میں تقسیم کرکے بیوی (عذرا ء بانو) کو سات حصے ، بہن (صابرہ) کو سات حصے اور مرحوم بھائی (عارف سیٹھ ) کے تین لڑکوں میں سے ہر ایک کو چار حصے اور لڑکی کو دو حصے دیے جائیں۔ امین صاحب کے بچوں کا اس گھر پر حق جتانا شرعاً باطل اور غیر معتبر ہے ۔
الھبۃ الخ واما شرائطھا الخ ومنھا ان یکون الموھوب مقبوضا حتی لا یثبت الملک للموھوب لہ قبل القبض الخ (عالگمیری ج ۴، ص ۳۷۴) الھبۃ الخ ھی الخ ، تملیک العین مجانا الخ و تمم بالقبض الکامل (الدرالمختار علی ھامش ردالمحتار ج ۵، ص ۶۹۰)
